نئی دہلی، 23 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزارت داخلہ نے ملک کے کئی بڑے لیڈروں کو مہیا کرائی جانے والی سیکورٹی کا جائزہ لیا ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری حکم کے مطابق آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو، بی ایس پی ممبر پارلیمنٹ ستیش چندر مشرا، یوپی بی جے پی کے لیڈرسنگیت سوم، بی جے پی لیڈر راجیو پرتاپ روڑی کی سیکوریٹی میں کٹوتی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ مرکز نے یوپی حکومت کے وزیر سریش رانا، ایل جے پی ایم پی چراغ پاسوان، سابق ایم پی پپو یادو کی سیکوریٹی میں بھی کمی کی ہے۔وزارت داخلہ نے سی آرپی ایف کی سیکوریٹی پانے والے لیڈران کے حفاظتی نظام کا جائزہ لیا ہے۔فیصلے کے مطابق بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو کی سیکوریٹی میں کٹوتی کی گئی ہے،لالو یادو کو اب مرکز کی سیکوریٹی نہیں ملے گی۔لالو پرساد کے علاوہ بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر راجیو پرتاپ روڈی کی بھی سیکوریٹی میں کمی کی گئی ہے، انہیں اب مرکز کی سیکوریٹی نہیں ملے گی۔اس کے علاوہ راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ستیش چندر مشرا کی سیکوریٹی میں بھی کمی کی گئی ہے۔یوپی سرکار کے وزیر سریش رانا کو مرکز کی طرف سے دی جا رہی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔بی جے پی ممبر اسمبلی سنگیت سوم کی سیکوریٹی میں بھی کمی کی گئی ہے۔ایل جے پی ایم پی چراغ پاسوان کی سیکوریٹی میں کمی کی گئی ہے، ان کی سی آر پی ایف سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے، انہیں اب وائی زمرے کی سیکوریٹی ملے گی۔راجیش رنجن عرف پپو یادو کی سیکوریٹی میں بھی کٹوتی کی گئی ہے۔